Published: 17-05-2023
کیپ ٹاﺅن: زامبیا، سینیگال، کانگو، یوگنڈا اور مصر کے رہنما یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے جنوبی افریقہ کے ساتھ مل کر امن مشن کا وفد تشکیل دیں گے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور یوکرینی کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے 6 افریقی ممالک کے حکمرانوں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں پر اتفاق کیا ہے تاکہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے ممکنہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔سیرل رامافوسا نے کہا کہ انہوں نے مسٹر پوٹن اور مسٹر زیلنسکی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا اور دونوں نے بالترتیب ماسکو اور کیف میں افریقی رہنماؤں کے امن مشن کی میزبانی کرنے پر اتفاق کیا۔صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری بات چیت کا بنیادی مقصد یوکرین میں تباہ کن تنازعے کا پرامن حل تلاش کرنا ہے اور اس کیلئے زامبیا، سینیگال، کانگو، یوگنڈا اور مصر کے حکمران جنوبی افریقہ کے ساتھ مل کر مشترکہ وفد تشکیل دیں گے۔واضح رہے کہ افریقی ممالک میں سے چار ممالک – جنوبی افریقہ، کانگو، سینیگال اور یوگینڈا نے گزشتہ سال روسی حملے کی مذمت پر اقوام متحدہ میں ووٹ ڈالنے سے پرہیز کیا تھا لیکن زامبیا اور مصر نے اس حملے کی مذمت میں ووٹ دیے تھے۔