Published: 05-06-2023
ممبئی: بھارت کے لیجنڈری اداکار چرنجیوی نے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبروں کو سختی سے مسترد کردیا اور غلط خبریں پھیلانے پر صحافیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ اداکار نے ٹویٹر پر بتایا کہ وہ چیک اپ اور ٹیسٹوں کیلئے اسپتال گئے تھے جہاں انہیں پتہ چلا کہ ان کے جسم میں ایک رسولی موجود ہے اور اگر اس کا علاج نہ کیا گیا تو وہ کینسر بن سکتی ہے۔انہوں نے ٹویٹر میں تیلگو زبان میں وضاحت کیلئے ٹویٹ میں لکھا کہ ماضی میں وہ کینسر کی آگاہی ضرورت پر بات چیت کرچکے ہیں جب انہوں نے ایک کینسر کی علاج گاہ کا افتتاح کیا تھا۔اداکار نے بتایا کہ کینسر کا علاج آسانی سے ہوسکتا ہے اگر بروقت اس کی تشخیص کی جائے اور اس کا مسلسل علاج کرایا جائے۔چرنجیوی نے صحافیوں کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ انہیں کینسر کے حساس موضوع کو سمجھے بغیر اس کے متعلق بیہودہ گوئی اور جعلی خبریں پھیلانے سے گریز کرنا چاہئے کیوں کہ لوگوں کو اس سے تکلیف ہوتی ہے۔لیجنڈری اداکار کی وضاحت کے بعد مداحوں نے سکھ کا سانس لیا ہے اور وہ چرنجیوی کی صحت کیلئے پریشان اور اداس تھے۔