Published: 08-06-2023
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ کے بائیکاٹ کی بھارتی خبروں کو مسترد کردیا۔کرکٹ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا سے گزشتہ روز خبریں آئیں تھی کہ ایشیاکپ کی میزبانی اگر گرین شرٹس کے ہاتھوں سے جاتی ہے تو پاکستان کرکٹ ٹیم ستمبر میں شیڈول ایشیاکپ کا بائیکاٹ کردے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ایشیاکپ کی میزبانی کے حوالے سے اپنی پوزیشن ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو بتاچکا ہے تاہم قیاس آرائیوں اور افواہوں کے باوجود بورڈ پُرعزم ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگا۔گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے میڈیا کی ذریعے خبریں چلائیں تھی کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے اور بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ جانے پر پاکستان ایشیاکپ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ان بیانات کو بے بنیاد اور حقیقت سے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ٹورنامنٹ ہونے کے قوی امکانات ہیں، بھارت کو اپنی ضد چھوڑنا ہوگی۔ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے کا انتظار کرتے ہوئے، پی سی بی نے بھارت میں شیڈول آنے والے ورلڈکپ 2023 کی تیاری کیلئے سہ فریقی سیریز کے انعقاد کا بھی منصوبہ بنارکھا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ پر مشتمل سہ فریقی سیریز کروائی جاسکتی ہے۔