Published: 19-06-2023
برلن: جرمنی کے اولمپیا اسٹیڈیم میں 16 ویں اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز کا افتتاح ایک رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوگیا، گیمز میں شامل تمام ممالک کے کھلاڑیوں نے ایتھلیٹ پریڈ میں شرکت کی۔قومی اسکواڈ اولمپیا اسٹیڈیم پہنچا تو اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین نے پاکستانی دستے کا فقید المثال استقبال کرتے ہوئے بھرپور تالیاں بجا کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، اس موقع پراولمپیا اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔پاکستان کے مرد کھلاڑیوں نے ثقافتی لباس شلوار قمیض اور واسکٹ جبکہ خواتین ایتھلیٹس نے مختلف رنگوں کے غرارے زیب تن کئے جس کے باعث تقریب میں وہ خصوصی توجہ کامرکزرہیں۔تقریب میں شریک تمام ممالک کے اسپیشل ایتھلیٹس افتتاحی تقریب کے حوالے سے بہت پرجوش نظرآئے، انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنائیں، پاکستانی ایتھلیٹ ثناء کو افتتاحی تقریب کی مشعل بردار کھلاڑیوں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ثناء نے مشعل کے ساتھ گراؤنڈ کا چکر لگایا جسے انہوں نے پاکستان اور اپنے لئے بہت بڑا اعزاز قرار دیا، اس موقع پر اسپیشل اولمپک کے پرچم کو لہراتے ہوئے ورلڈ گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا گیا۔تقریب میں اسپیشل اولمپک کے صدر ٹموتھی شریور، جرمنی کے صدر فرینک والٹرز، پاکستانی دستے کی ہیڈ آف ڈیلیگیشن رونق لاکھانی، اسپیشل اولمپک پاکستان کی ایمبیسڈر ثروت گیلانی اور ایڈوائزر یاسمین حیدر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر فنکاروں کی لائیو پرفارمنس اور لیزر لائٹ شو نے اسٹیڈیم میں سماں باندھ دیا جسے دیکھ کر اسپیشل بچوں کی خوشی دیدنی تھی، کارٹوں کیریکٹرز بچوں کو خوش آمدید کہتے رہے، تقریب کے آخر میں آتش بازی نے اسٹیڈیم میں رنگ و نور کی بارش کردی۔