اعظم خان پر جب انکے والد نے اپنی اکیڈمی میں پابندی لگادی تھی

Published: 19-06-2023

Cinque Terre

کراچی: پاکستان کے معروف کرکٹر اعظم خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد معین خان نے ان پر اپنی اکیڈمی میں کھیلنے پر پابندی عائد کردی تھی۔کرکٹ پاکستان کے ان شعبوں میں سے ہے جہاں سے لوگوں نے بڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل کی ہے۔ کرکٹ اس ملک کا ایسا کھیل جس کی مقبولیت آج بھی اتنی ہی ہے جتنی دہائیوں پہلے تھی۔کئی مشہور کرکٹرز کا تعلق پاکستان سے ہے اور معین خان بھی ایسا ہی ایک نام ہے۔ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد مختلف اعلیٰ عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور ان کے بیٹے اعظم خان نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پی ایس ایل اور دنیا بھر کی دیگر کئی لیگز میں کھیلا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اعظم خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں مہمان تھے جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں کچھ باتیں شیئر کیں۔ اعظم خان نے بتایا کہ شروع شروع میں جب وہ اپنے والد کی کرکٹ اکیڈمی میں جانے لگے تو وہ تھوڑا مغرور ہوگئے تھے اور اس کے نتیجے میں ان کے والد نے ان کے اکیڈمی میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔کرکٹر نے بتایا کہ والد کی طرف سے پابندی لگائے جانے کے بعد انہوں نے راشد لطیف کی اکیڈمی جوائن کرلی اور آج بھی انہیں اپنا مرشد مانتے ہیں۔علاوہ ازیں اعظم خان نے اپنے وزن کی وجہ سے ہونے والی تنقیدوں کے بارے میں بھی بات کی اور بتایا کہ وہ اپنے والد کے عہدے کی وجہ سے کرکٹ میں آئے۔ لوگوں کی طرف سے انہیں ’پرچی‘ اور کئی دوسرے ناموں سے پکارا گیا لیکن وہ ہمت نہیں ہارے بلکہ انہیں حوصلہ ملا اور اس طرح انہوں نے تنقیدوں کے باوجود کامیابی حاصل کی۔