Published: 19-06-2023
ممبئی: بالی وڈ انڈسٹری کی سپراسٹار عالیہ بھٹ کی ہالی وڈ فلم کا مداح بے تابی سے انتظار کررہے ہیں اور اب ان کی امریکی فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں اداکارہ ولن کا کردار ادا کررہی ہیں۔ ٹوڈم 2023 فیسٹیول کے موقع پر عالیہ بھٹ، جیمی ڈورنن اور گال گیڈوٹ نے اپنی فلم کی پروموشن کی اور ٹریلر بھی اسی موقع پر ریلیز کیا گیا۔ایکشن اور تھرلر سے بھرپور مناظر والے ٹریلر میں عالیہ بھٹ اپنی ساتھی اداکارہ گیڈوٹ کے ساتھ کیا دھون کے نام سے ولن کا کردار ادا کررہی ہیں۔بھارتی اداکارہ کے مداحوں کی طرف سے جہاں خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے وہیں کچھ افراد کو شکوہ ہے کہ ٹریلر میں عالیہ کا اسکرین ٹائم بہت کم ہے۔عالیہ بھٹ نے ’ہارٹ آف اسٹون‘ کی ٹیم کو پچھلے برس مئی میں جوائن کیا تھا اور فلم 11 اگست کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔