Published: 20-06-2023
کراچی: پاکستان فٹبال ٹیم کو بھارت جانے کے لیے ماریشیس سے ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ماریشیس میں بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان فٹبال ٹیم کو ویزے جاری کردیے ہیں، قومی فٹبال ٹیم ساف کپ میں شرکت کے لیے پہلی دستیاب فلائٹ کے ذریعے ماریشس سے بھارت کے شہر بنگلور روانہ ہوگی۔قبل ازیں ویزے جاری نہ ہونے کے سبب پاکستان ٹیم مقررہ پرواز سے بھارت روانہ نہیں ہو سکی تھی، پاکستان فٹبال ٹیم ایونٹ میں اپنا افتتاحی میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 21 جون کو کھیلے گی۔ساوتھ ایشین فٹبال فیدریشن کے تحت 14 ویں ساف چیمپئین شپ سری کانتی ریوا اسٹیڈیم میں 21 جون تا 4 جولائی شیڈول ہے۔پروگرام کے مطابق افتتاحی روز دو میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا طے ہے جبکہ کویت اور نیپال کے مابین مقابلہ ہوگا۔اگلے روز لبنان کا بنگلہ دیش جبکہ مالدیپ کا بھوٹان سے میچ ہوگا، پاکستان کو اپنا دوسرا میچ 24 جون کو کویت اور تیسرا میچ 27 جون کو نیپال کے خلاف کھیلنا ہے، سیمی فائنلز یکم جولائی جبکہ فائنل 4 جولائی کو ہوگا۔