کوہلی، گمبھیر جھگڑے پر احمد شہزاد کا ردعمل سامنے آگیا

Published: 25-06-2023

Cinque Terre

انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں سابق کرکٹر گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی کے جھگڑے پر قومی ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نے ردعمل دیا ہے۔معروف یوٹیوبر نادر علی کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ گراؤنڈز میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں لیکن میں حیران تھا کہ مینجمنٹ کا کوئی ممبر میچ کے اختتام پر تنازعہ میں کیوں شامل ہوا، مجھے لگتا ہے کوہلی کی کم عمری میں اتنی کامیابیاں گمبھیر کو ہضم نہیں ہورہی ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ بطور مداح میں کرکٹ سے بےحد پیار کرتا ہوں اور کوہلی کے ریکارڈز اور گمبھیر کی کارکردگی میں زمین آسمان کا فرق ہے، اگر نوین نے کوہلی کی جگہ سچن ٹنڈولکر سے بدتمیزی کی ہوتی تو کیا گمبھیر ایسی حرکت کرتے۔احمد شہزاد نے کہا کہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ کوہلی کو دے دینے سے اسکا مطلب یہ نہیں کہ آپ نے زندگی بھر اسکے ساتھ بدتمیزی کا ٹھیکہ لے لیا ہے، کوہلی نے آپ سے درخواست نہیں کی تھی، انہوں نے کہا کہ گمبھیر کا بڑا پَن یہ ہوتا کہ وہ کوہلی کو فون کرتے اور واقعہ پر معافی مانگتے۔اوپنر نے کوہلی سے دوستی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کرکٹ سے متعلق مشورے کی ضرورت پڑتی تو کوہلی انکے کیلئے ہمیشہ کھڑے ہوتے ہیں اور حالیہ برسوں میں انہوں نے خود پر بہت کام کیا ہے۔ کوہلی ماضی میں بہت غصے والے ہوا کرتے تھے لیکن اب اِن میں بہت نمایاں تبدیلیاں آئیں ہیں جو خوش آئند ہیں۔واضح رہے کہ احمد شہزاد سال 2017 کے بعد سے قومی ٹیم میں واپسی نہیں کرسکے ہیں۔