ورلڈ کپ؛ جہاں میچ رکھا گیا ہے پاکستان کو وہیں کھیلنا ہوگا، وسیم اکرم

Published: 28-06-2023

Cinque Terre

  کراچی:  سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم آل راؤنڈر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ عالمی کپ میں پاکستان کا جہاں میچ رکھا گیا ہے، اسے وہاں جاکر کھیلنا  ہوگا، میگا ایونٹ میں وینیو کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔وسیم اکرم نے ایک تقریب میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھارت میں بطور کمنٹیٹر اور سابق کھلاڑی اچھا تجربہ رہا ہے، جو بھی بھارت جاتا ہے چاہے ایکٹر ہو یا کھلاڑی  اسے اچھا رسپانس ملتا ہے۔سوئنگ  کے بادشاہ کہلائے جانے والے  مایہ ناز فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ معاملات  دو حکومتوں  کے درمیان ہوتے ہیں، امید ہے کہ بھارت میں ہونے والا عالمی کپ اچھے انداز میں منعقد ہوگا۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ عالمی کپ میں پاکستان کا جہاں میچ رکھا گیا ہے اسے وہاں جاکر کھیلنا  ہوگا، میگا ایونٹ میں وینیو کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی کپ کا شیڈول دیکھا ہے، مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم  میں اتنی  اہلیت اور صلاحیت ہے کہ وہ  آگے  جاسکتی ہے۔وسیم اکرم نے مزید کہا کہ  پی سی بی میں چیئرمین  تبدیل ہونے سے اثرات مرتب ہوتے  ہیں، چیئرمین کی تبدیلی سے کرکٹ اسٹرکچر اور کھلاڑیوں پر اثر پڑے گا، حکومتوں کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے اور حکومتی معاملات وہی سمجھ سکتے ہیں۔شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے اظہار  خیال کرتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ  شاہین آفریدی بہترین ٹیلنٹ کا حامل اور ابھی نوجوان ہے، وہ ایک ورلڈ کلاس بولر ہے، جتنا کھیلے گا اس کیلیے بہتر ہوگا۔انہوں نے  کہا کہ تنقید تو ہر حال میں کی جاتی ہے، پاکستانی کوچ  بنایا جائے تو اسے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور غیرملکی کوچ  کی خدمات حاصل کی جائیں تو  اس پر بھی تنقید کی جاتی ہے، ہم کسی حال میں خوش نہیں رہ سکتے، تاہم میں نے ان لائن کوچنگ کا پہلی مرتبہ سنا ہے۔