گجرات یونیورسٹی میں 20روز میں ہر شعبہ میں نمایاں تبدیلی دکھائی دیگی:ڈاکٹر مشاہد انور

Published: 26-07-2023

Cinque Terre

گجرات (عرفان بٹ اینڈ چوہدری صغیر افضل سے)یونیورسٹی آف گجرات کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کہا ہے کہ یواو جی کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنیکی ضرورت ہے آئندہ 20دنوں کے دوران یونیورسٹی آف گجرات کے ہر ڈیپارٹمنٹ میں نمایاں تبدیلی دکھائی دے گی کیونکہ دل و جان سے اس پودے کی آبیاری کرنے کیلئے کام شروع کر دیا ہے وائس چانسلر کے عہدے کو بطور مشن کے طور پر اپنایا ہے طلباء و طالبات کی بہتر تعلیم و تدریس کیلئے انکے شعبہ جات میں متعلقہ پروفیسرز ہی تعینات کیے جائیں گے سابقہ 4سالہ دور میں متعددٹیچرز کی خالی سیٹوں پر وزٹنگ ٹیچرز سے سے کام لیا جاتا رہا لیکن اب خالی سیٹوں پرریگولر بنیادوں پر ٹیچرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی یونیورسٹی میں سٹاف کی کمی بھی دور کر دی جائیگی تاکہ یونیورسٹی آف گجرات کا ترقی سفر بہتر سے بہترانداز میں چل سکے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب کے صدر بشارت لودھی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد میں جنرل سیکرٹری راجہ ریاض احمدراسخ، سابق صدر عبدالستارمرزا،سابق جنرل سیکرٹری سید نوید حسین شاہ شامل تھے وائس چانسلر ڈاکٹر مشاہد انور نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس وقت 18ہزار سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جن کی سفری مشکلات کا بخوبی انداز ہے 48بسیں ماضی میں انکے لئے موجود تھیں جن میں مزید 6نئی بسوں کا اضافہ کیا گیا ہے جو 100کلو میٹر تک کے ایریا جسمیں جہلم، سماہنی، آزادکشمیر، سیالکوٹ کے اضلاع بھی شامل ہیں وہاں سے بھی دو شفٹوں میں طلباء و طالبات کو لانے لیجانے کی سہولت فراہم کررہی ہیں فی طالبعلم ساڑھے 7ہزار ماہانہ کرایہ وصول کیاجارہا ہے مگر اب طلباء و طالبات سے کلو میٹر کے حساب سے کرایہ وصول کیاجائیگا تاکہ کم فاضلے سے آنیوالے طلباء پر بوجھ کم ہو سکے انہوں نے کہا کہ میرا فوکس طلباء و طالبات کے بنیادی مسائل حل کرنے کیساتھ سیاست سے ہٹ کر یونیورسٹی کی امیج بلڈنگ پر ہے باقاعدہ پلاننگ کے تحت اس کا نظم و نسق چلانے کیلئے تجربہ کار ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈز کی خدمات حاصل کی جائیں گی پہلی مرتبہ یونیورسٹی آف گجرات کی فیکلٹی کیلئے ایک لاکھ روپے تک کی میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ پروفیسرز کالونی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جس کیلئے ماضی میں بھی کمیٹی بنائی گئی تھی مگر اس پر کام روکدیا گیا تھا لیکن اب اسکے قیام کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاؤنگا وائس چانسلر ڈاکٹر مشاہد انور نے کہا کہ دورحاضر میں میڈیا کو تفاخر کا درجہ حاصل ہے میڈیا اپنی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نسل کو مثبت فکر وعمل کی جانب راغب کر سکتا ہے گجرا ت پریس کلب کے وفد نے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور کوگجرات پریس کلب کے دورہ کی دعوت بھی دی تاکہ جامعہ اور پریس کلب کے اشتراک سے سماجی بہبود میں کردار ادا کیا جا سکے اس موقع پر پروفیسر شیخ عبدالرشید، پروفیسر زاہد یوسف بھی موجود تھے۔