Published: 31-07-2023
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع جموں میں بارڈر سیکیورٹی فورس نے سرحدی علاقے میں ایک محلے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران ایک نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے اس سرچ آپریشن سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے اور نہ ہی شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت ظاہر کی ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران موبائل فون اور نیٹ سروسز منقطع کردی گئی تھیں۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے سیاہ قانون کی منظوری کے بعد سے وادی میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشنز کے نام پر مسلم نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا۔رواں ماہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں اب تک درجن سے زائد نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے جب کہ 50 سے زائد نوجوان زیر حراست ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔