Published: 10-08-2023
تہران: ایران میں ایک خاتون کو گزشتہ برس اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے 5 مجرموں کو پھانسی پر لٹکادیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق عدلیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے شمال مغربی شہر میں 5 قیدیوں کو جنسی زیادتی کیس میں پھانسی دیدی گئی۔ان افراد نے مئی 2022 میں ایک خاتون کو اغوا کیا تھا اور سنسان جگہ لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس نے واردات کے 4 روز بعد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔ملزمان مجرمانہ ریکارڈ کے حامل تھے اور کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے اور کچھ پر ضمانت پر تھے۔ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ ملزمان کو حق دفاع کا پورا موقع فراہم کیا گیا اور ملزمان کی سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی سماعت میں بھی قانونی تقاضوں کو مکمل کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں بھی ملزمان کی سزائے موت کو برقرار رکھا گیا تھا جس کے بعد آج سزا پر عمل درآمد کردیا گیا۔گزشتہ ماہ بھی مختلف اوقات میں بیوٹی پارلر آنے والی 10 خواتین کو نشہ آور دوا پلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے 3 ملزمان کو پھانسی دی گئی تھی۔یاد رہے کہ رواں برس ایران میں اب تک 300 کے قریب افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے جب کہ گزشتہ برس یہ تعداد 582 تھی۔