شہباز شریف کی اہلیہ کی طبیعت تاحال ناساز، لندن منتقلی کا امکان

Published: 15-08-2023

Cinque Terre

 لاہور: سابق وزیراعظم شہباز شریف کی اہلیہ بیگم نصرت شہباز کی طبیعت تاحال ناساز ہے اور انہیں مزید علاج کے لیے لندن منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔بیگم نصرت شہباز کو ایک ہفتے تک اتفاق اسپتال ماڈل ٹاؤن میں زیرعلاج رہنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھا، تاہم ان کی طبیعت تاحال ناساز ہے اور انہیں مزید علاج معالجے کے لیے لاہور سے لندن منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف اپنی اہلیہ کے ہمراہ ممکنہ طور پر آئندہ چند روز میں لندن روانہ ہوں گے۔ بیگم نصرت شہباز کو ان کے معالجین کی اجازت کے بعد ہی لندن لے جانے کا حتمی فیصلہ ہو گا۔ معالجین ہی طے کریں گے کہ بیگم نصرت شہباز کو عام کمرشل پرواز کے ذریعے لندن لے جایا جائے یا پھر خصوصی ائرایمبولینس کا بندوبست کیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے دیگر اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ لندن روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ بیگم نصرت شہباز اس سے پہلے بھی لندن میں زیرعلاج رہی ہیں۔ بیگم نصرت شہباز کے علاج تک شہباز شریف کا لندن ہی میں قیام کا امکان ہے۔پارٹی ذائع کے مطابق لندن میں شہباز شریف اپنے بھائی اور پارٹی قائد نواز شریف سے بھی تفصیلی ملاقاتیں کریں گے اور اس دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس دوران دیگر پارٹی رہنماؤں مریم نواز، خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ اور رانا تنویر کا بھی لندن روانگی کا امکان ہے۔ لندن میں مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات اور نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی پر مشاورت کرے گی۔