Published: 27-08-2023
کیف: یوکرین کی فضائیہ کے 2 طیارے تربیتی پرواز کے دوران فضا میں ہی آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 3 پائلٹس ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے فوجی طیاروں ایل 39 کے تصادم کا واقعہ دارالحکومت کیف کے مغربی علاقے زیتومیر میں پیش آیا۔ دونوں طیارے ٹکرانے کے بعد زمین بوس ہوگئے۔زمین پر گرتے ہی طیاروں میں آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے طیارے راکھ کا ڈھیر بن گئے۔ کنٹرول ٹاور سے طیاروں کا رابطہ منتقطع ہوتے ہی ریسکیو ٹیم کو طیاروں کی تلاش میں بھیج دیا گیا تھا۔ریسکیو ٹیم کو زیتومیر کے علاقے میں طیاروں کا ملبہ گیا۔ امدادی کاموں کے دوران تین افراد کی لاشیں نکالی گئیں جو یوکرین کی فضائیہ کے پائلٹس تھے جن میں سے ایک عالمی میڈیا کو دیئے گئے ایک وائرل انٹرویو کے باعث کافی مشہور تھا۔یوکرین فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دو طیارے معمول کی تربیتی پرواز پر مامور تھے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔خیال رہے کہ یوکرین کے تربیتی طیاروں کے فضا میں ٹکرانے کا واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ڈنمارک اور ہالینڈ نے روس کے خلاف جنگ کے لیے ایف-16 طیارے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔جس پر یوکرین فضائیہ نے اپنے پائلٹس کو ایف-16 طیارے اُڑانے کی تربیت دینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ طیارے آئندہ چند ماہ میں یوکرین کو موصول ہوجائیں گے تاہم یوکرین یہ طیارے صرف اپنی سرزمین پر اپنے دفاع میں استعمال کرسکے گا۔یوکرین فضائیہ نے طیارہ حادثہ میں روس یا دہشت گردی کے عنصر میں ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کیا ہے۔