Published: 31-08-2023
جوہانسبرگ: جنوبی افریقا میں 5 منزلہ رہائشی عمارت میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی میں 73 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ 40 کے قریب شدید زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ کی اُس 5 منزلہ عمارت میں رات گئے آگ لگ گی جہاں بے گھر افراد رہا کرتے تھے۔جس وقت آگ لگی، بے گھر افراد اپنے اپنے کمروں میں سو رہے تھے۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہلاکتیں جھلس جانے اور دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ رہائشیوں کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ کچھ نے کھڑکیوں اور بالکونیوں سے چھلانگیں لگا کر اپنی زندگیاں بچانے کی کوشش کی۔ کئی افراد کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد عمارت میں لگی آگ پر قابو پا لیا تاہم اس دوران 100 سے زائد افراد جھلس گئے تھے جن میں سے 73 کی موت کی تصدیق کردی گئی جب 40 کے لگ بھگ زخمی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔