نیب نے پرویزالہی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو گرفتار کرلیا

Published: 03-09-2023

Cinque Terre

 لاہور: نیب  نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو گرفتار کرلیا۔ قومی احتساب  بیورو ( نیب ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکریٹری کے طور پر فرائض منصبی انجام دینے والے محمد خان بھٹی کو گرفتار کرلیا ہے۔محمد خان بھٹی کو نیب لاہور کی ٹیم نے گوجرانوالہ سے گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق محمد خان بھٹی پر تعمیراتی ٹھیکوں میں ایک ارب روپے سے زائد کک بیکس لینے کا الزام ہے۔سابق پرنسپل سیکریٹری پر  اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے گجرات و دیگر شہروں میں غیرقانونی بھرتیوں میں ملوث  ہونے کا بھی الزام ہے۔مبینہ طور پر انہوں نے دیگر ملزمان  کے ساتھ  عظمت حیات کو پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ میں بطور ایکسین بھرتی کروا کر استعمال کیا۔ملزم محمد خان بھٹی نے شریک ملزمان سے ملی بھگت کرکے مبینہ طور پر گجرات میں 116 ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں۔ملزمان نے تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل ہی ٹھیکیداروں کو مکمل ادائیگیوں سے کمیشن وصول کیا۔ ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی رقم چوہدری پرویز الہی، مونس الہی ، اور محمد خان بھٹی کے ذاتی اکائونٹس میں منتقل ہوتی رہی۔نیب لاہور نے تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلیے ملزم محمد خان بھٹی کی سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے کسٹڈی حاصل کر لی، ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔محمد خان بھٹی کو پہلے  اینٹی کرپش نے  گرفتار کیا تھا جبکہ اب  نیب کے ہاتھوں ان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔