Published: 04-09-2023
اوٹاوا: کینیڈا میں شادی کی دو مختلف تقریبات میں فائرنگ کے واقعے میں دو کینیڈی نوجوان ہلاک اور 6 امریکی زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا کے مشہور شادی ہالز کی پارکنگ میں ہوئی۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔فائرنگ سے افراتفری مچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پارکنگ اور شادی ہالز میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کرنے والے کون تھے اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کا آپس میں کیا تعلق ہے۔ جائے وقوعہ سے مہلک ہتھیار کے 16 گولیوں کے خول ملے ہیں۔ہلاک ہونے والوں کی عمریں 26 اور 29 سال ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے جنھوں نے ابھی بیان ریکارڈ نہیں کرائے ہیں۔یاد رہے کہ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں رواں برس فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی جب کہ ملک میں 2009 کے بعد سے فائرنگ کے واقعات میں 81 فیصد اضافہ ہوا ہے۔