Published: 12-09-2023
شمالی کوریائی رہنما امریکا کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ہتھیاروں کی متوقع ڈیل کے لیے روس پہنچ گئے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن اپنے اہم دورے پر روس پہنچ گئے، جہاں ولادی ووسٹوک میں ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات طے ہے۔شمالی کوریا اور روس کے رہنماؤں کے درمیان اس اہم ملاقات میں ہتھیاروں کے معاہدے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی امریکا کی جانب سے شمالی کوریا کو روس کو ہتھیار فروخت کرنے کے ممکنہ معاہدے کی صورت میں مزید پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔میڈیا ذرائع کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یوکرین پر حملے میں ناکام روسی صدر ولادیمیر پیوٹن ، شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان سے ہتھیاروں کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کے مطابق امریکا روس کی یوکرین کے لیے فوجی مہم میں مدد کرنے والوں سے جواب طلب کرے گا۔ انہوں نے پیر کے روز کہا کہ روس کو شمالی کوریا کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔