بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیت لی

Published: 26-09-2023

Cinque Terre

اندور میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔اتوار کے روز بھارت کے شہر اندور میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں انڈین بلے بازوں نے آسٹریلیا کی ٹیم کا بھرکس نکالتے ہوئے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔آسٹریلیا کی اننگز کے دوران بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے پر مہمان ٹیم کو 33 اوورز میں 317 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا جس کے تعاقب میں کینگروز 217 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔ یوں بھارت نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 99 رنز سے میچ جیت لیا۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔ شبھمن گل اور شری یاس ائیر نے سنچریاں بنائیں جبکہ سوریا کمار یادیو اور کے ایل راہول نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔کیمرون گرین کے اوور میں سوریا کمار نے اپنا بلا جو گھمایا تو کوئی انہیں روک نہ سکا، میچ کے 43 ویں اوور میں سوریا کمار یادیو نے یکے بعد دیگرے 4 چھکے لگاکر کرکٹ شائقین کو خوب محظوظ کیا، بھارتی بلے باز نے 37 گیندوں پر 72 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کے کیمرون گرین نے 2 وکٹیں لیں جبکہ جوش ہیزل ووڈ،سئین ایبوٹ اور ایڈم زامپا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا 9 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کی دو وکٹیں گریں جبکہ  108 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 217 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 53 اور سیئن ایبٹ 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارتی بولرز روی چندرن ایشون اور رویندرا جڈیجا نے تین تین، پرسدھ کرشنا نے 2 اور محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔بھارت نے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، دو میچ جیت کر بھارت نے سیریز اپنے نام کرلی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے 27 ستمبر کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔