Published: 26-09-2023
دبئی (رپورٹ- سلیمان علی بٹ اینڈ غضنفر علی بیورو چیف یو اے ای سے) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے یوتھ منسٹر کے تقرر کیلئے حیران کن طریقہ کار اپناتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو کابینہ میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کابینہ کی تقرریوں کے لیے ایک دلچسپ طریقہ اختیار کیا ہے، ایک بے مثال اقدام میں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اماراتی نوجوان مردوں اور عورتوں کو متحدہ عرب امارات کی حکومت میں یوتھ منسٹر کے عہدے کے لیے درخواست دینے کے لیے دعوت دی ہے، اس عہدے میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ای میل ایڈریس ContactUs@moca.gov.ae کے ذریعے وزراء کی کونسل کو اپنی درخواستیں ارسال کریں۔اس سلسلے میں اپنے پیغام میں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے لکھا کہ 'متحدہ عرب امارات میں ہمارے نوجوان مردوں اور عورتوں کے لیے میں ایک ایسے معزز نوجوان مرد یا عورت کی تلاش میں ہوں جو نوجوانوں کے مسائل کی نمائندگی کرسکے، اپنی رائے دے سکے اور ان کی دلچسپی والی سرکاری فائلوں کی پیروی کر سکے، اس عہدے کے لیے ہمیں ایسے امیدوار کی تلاش ہے جو اپنے وطن کے مسائل سے واقف، اپنے معاشرے کی حقیقت سے آگاہ، اپنے کام اور اپنی پیشکش میں ماہر، اپنے ملک کی نمائندگی کرنے میں بہادر و مضبوط اور اپنے وطن کی مٹی کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہو'۔بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اماراتی نوجوانوں کو کابینہ میں شامل کرنے میں اہم پیش رفت کی ہے، 2016ء میں متحدہ عرب امارات کی حکومت نے شمع بنت سہیل فارس المزروی کو نوجوانوں کے امور کی وزیر مملکت مقرر کیا، جس سے وہ 22 سال کی عمر میں دنیا کی سب سے کم عمر وزیر بن گئیں، اس کے علاوہ یو اے ای نے نوجوانوں کی قومی شناخت کو بڑھانے کے لیے بھی کئی اقدامات شروع کیے ہیں، حکومت میں نوجوانوں کی نمائندگی کے لیے امارات یوتھ کونسل قائم کی گئی ہے