Published: 01-10-2023
ممبئی: بالی وڈ کے نامور فلمساز کرن جوہر نے شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ اور پرابھاس کی ’سالار‘ کی ریلیز کے مدنظر اپنی فلم یودھا کی ریلیز ملتوی کردی ہے۔ بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق سدھارتھ ملہوترا کی فلم کیلئے 15 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن ’ڈنکی‘ اور ’سالار‘ میں ٹکراؤ سامنے آنے پر اب فلم کیلئے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کرن جوہر کا خیال ہے کہ اگر دسمبر کے تیسرے ہفتے میں دو میگا فلمیں سینما میں ریلیز ہوتی ہیں تو پھر ’یودھا‘ کیلئے خود کو برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔کے جی ایف ڈائریکٹر کی جانب سے ’سالار‘ کی 22 دسمبر کو ریلیز کے اعلان نے انڈسٹری میں تہلکہ مچادیا تھا اور اسے بالی وڈ کا ایک بڑا ٹکراؤ سمجھا جارہا ہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق کرن جوہر کی شاہ رخ خان کے ساتھ دوستی بہت مضبوط ہے اور وہ پرابھاس کے ساتھ بھی اچھے تعلقات رکھتے ہیں اسی لئے وہ ان کے ساتھ تصادم سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔یہ بات ابھی واضح نہیں ہوئی ہے کہ ’یودھا‘ کی ریلیز وقت سے پہلے کی جائے گی یا اسے 2024 تک ملتوی کیا جائے گا، اگلے کچھ دنوں میں معاملہ صاف ہوجائے گا۔