بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ کے ناقص انتظامات سے شائقین پریشان

Published: 04-10-2023

Cinque Terre

بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بد انتظامی اور ناقص انتظامات کا سلسلہ نہ رک سکا۔بھارت میں ورلڈ کپ کے انتظامات کو لیکر ہر روز ایک نیا مسئلہ کھڑا ہوجاتا ہے جس نے عالمی میگا ایونٹ کے خوش اسلوبی سے انعقاد کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔منگل کو اوپل حیدرآباد میں پاکستان اور آسٹریلیا کے وارم اپ میچ کے موقع پر راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم کی نشستوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جو گندی ہونے کی وجہ سے تماشائیوں کے بیٹھنے کے قابل نہیں۔اسٹار اسپورٹس سے وابستہ کرکٹ تجزیہ کار وینکاٹیش نے ٹوئٹر پر یہ تصاویر شیئر کی ہیں جس نے اسٹیڈیم میں صفائی کے ناقص انتظامات کی قلعی کھول دی۔ انہوں نے لکھا کہ اوپل اسٹیڈیم میں کچھ نہیں بدلا نہ ہی تماشائیوں کے آرام کا خیال رکھا گیا۔شائقین کی جانب سے میچ کے ٹکٹ نہ ملنے کی بھی شکایات سامنے آرہی ہیں اور غیرملکی مداحوں کو ویزے جاری کرنے کا مسئلہ بھی اب تک حل نہیں ہوسکا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے وجہ بتائے بغیر افتتاحی تقریب بھی منسوخ کردی ہے اور آئی سی سی کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ میں ابتدا سے ہی بدانتظامی سامنے آنا شروع ہوگئی تھی۔ پہلے شیڈول میں تاخیر کی جاتی رہی اور جب شیڈول جاری ہوا تو اس میں بھی ہندوؤں کے مذہبی تہوار نوراتری کی وجہ سے سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے متعدد میچز کو ری شیڈول کیا گیا۔بھارت کو سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کا وارم اپ میچ بھی بند دروازوں کے پیچھے کرانا پڑا۔ گزشتہ ماہ میگا ایونٹ سے قبل کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں آگ لگنے کا واقعہ بھی پیش آچکا ہے جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں کا سامان جل کر راکھ ہو گیا تھا جب کہ اسی گراؤنڈ میں عالمی کپ کا پاکستان اور انگلینڈ کا میچ بھی شیڈول ہے۔