Published: 08-10-2023
نئی دہلی: پنجابی گلوکار جیسمین سیندلاس کو بدنام زمانہ گینگ لارنس بشنوئی کی طرف سے قتل کی دھمکیاں ملی ہیں۔ گلوکار کنسرٹ کرنے کیلئے امریکا سے دہلی آئیں اور انہیں جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں پرفارم کرنا تھا لیکن جیسے ہی وہ دہلی ائرپورٹ پہنچی ان کو نامعلوم انٹرنیشنل نمبروں سے قتل کی دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں۔پولیس کے مطابق پنجابی گلوکارہ کو دھمکی دی گئی ہے کہ انہیں اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران نشانہ بنایا جائے گا۔قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد دہلی پولیس نے جیسمین سیندلاس کی سیکورٹی سخت کردی ہے اور جس ہوٹل میں وہ مقیم ہے اسے بھی اضافی سیکورٹی دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ جیسمین سیندلاس ایک مشہور گلوکارہ ہیں اور سلمان خان کی فلم ’کک‘ کیلئے بھی انہوں نے گانا گایا تھا جبکہ لارنس بشنوئی گینگ کی طرف سے میگا اسٹار سلمان خان کو بھی قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔