شاندار اسپورٹس مین اسپرٹ، مچل اسٹارک نے کوسل پریرا کو دو بار ’منکڈ‘ آوٹ نہیں کیا

Published: 17-10-2023

Cinque Terre

لکھنئو: آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے سری لنکا کیخلاف میچ میں شاندار اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کے مثال قائم کردی۔پیر کو لکھنئو اسٹیڈیم میں سری لنکا کیخلاف میچ میں مچل اسٹارک نے گیند کرانے سے پہلے کریز سے آگے بڑھنے پر سری لنکن بیٹر کوسل پریرا کو دو بار آؤٹ نہیں کیا بلکہ صرف وارننگ دی۔مچل اسٹارک نے میچ کے پہلے ہی اوور میں بال پھینکنے سے پہلے کریز سے نکلنے پر سری لنکن بیٹر کو پہلی وارننگ دی جبکہ پانچویں اوور میں دوسری بار ایسا کرنے پر بھی انہوں نے کوسل پریرا کو آؤٹ نہیں کیا صرف وارننگ دی۔مچل اسٹارک کے اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ اسٹارک صحیح معنوں میں جنٹلمین ہے اور اس نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔دوسری جانب بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ مچل اسٹارک جب کوسل پریرا کو آؤٹ کرسکتے تھے تو انہوں نے موقع کا فائدہ کیوں نہیں اٹھایا۔ ایسا کرکے انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت بولر کی جانب سے نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بلے باز کو گیند پھینکنے سے قبل رن آؤٹ کرنا ‘منکڈ’ آؤٹ کہلاتا ہے جو کرکٹ قوانین کے تحت درست ہے تاہم بعض لوگ اسے اسپورٹس مین اسپرٹ کیخلاف قرار دیتے ہیں۔