جنوبی افریقا کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں متوقع

Published: 26-10-2023

Cinque Terre

 چنئی: پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ فخر زمان کی واپسی کا امکان ہے۔ٹیم انتظامیہ کے مطابق حسن علی کل رات سے بخار میں مبتلا ہیں جس کے باعث انہوں نے آج جمعرات کو ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا۔ حسن علی روبصحت ہیں لیکن مکمل طور پر صحت یاب ہونے کیلئے انہیں کل کے میچ میں آرام دیا جائے گا۔یاد رہے کہ حسن علی کو نسیم شاہ کے باہر ہونے کے باعث ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ ورلڈ کپ کے پانچ میچز میں حسن علی آٹھ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔دوسری جانب فخر زمان اور محمد نواز کو جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے لیے فٹ قرار دیا گیا ہے۔ جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں حسن علی کی جگہ وسیم جونیئر کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کل کے میچ میں فخر زمان کی بھی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔ فخر زمان کی جنوبی افریقا کے خلاف گزشتہ سال کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔