Published: 01-11-2023
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے جبکہ اسی عوامی خدمت کے نتیجے میں سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی مسلسل انتخابی کامیابیاں عوام کے اعتماد کا ہی مظہر ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس میں عمائدین اور زعما سے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی سے کشمیر تک پاکستان پیپلزپارٹی ایک زندہ حقیقت ہے اور عوام کی حمایت سے پاکستان پیپلزپارٹی انشاء اللہ عوامی حکومت قائم کرے گی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کو میں نے بنوایا تھا لیکن انہوں نے کام نہیں کیا اور نہ ہی سابق حکومت نے عوام کیلیے کوئی کام کیا۔اس موقع پر صدر زرداری نے نواب شاہ کے عمائدین و زعماء پر مشتمل وفد سے آئندہ عام انتخابات اور سیاسی حکمت عملی سے متعلق تجاویز کو سنا۔ سابق صدر مملکت آصف زرداری کے ہمراہ طارق مسعود آرائیں، حاجی علی حسن زرداری، علی اکبر جمالی، چوہدری عبدالقیوم آرائیں، چوہدری ایوب راجپوت، حاجی شعیب آرائیں، چوہدری ایوب جٹ، عاشق زرداری ودیگر موجود تھے۔