Published: 03-11-2023
اوٹاوا: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حقِ دفاع کو تسلیم کرتے ہیں لیکن اس حق کی قیمت فلسطینیوں کا قتل عام نہیں ہونا چاہیے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈی وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں اور خاص طور پر بچوں پر جنگ کے تباہ کن اثرات پر گہری تشویش ہے۔جسٹن ٹروڈو نے حماس پر بھی زور دیا کہ وہ اسرائیلی یرغمالیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کرے۔ جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کے لیے فریقین کی جانب سے مثبت قدم اُٹھانے کی ضرورت ہے۔کینیڈا وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، ہم بھی اسے تسلیم کرتے ہیں لیکن اس کی قیمت فلسطینیوں کا قتل عام نہیں ہوسکتی۔جسٹن ٹروڈو نے یہ بھی کہا کہ جنگ زدہ علاقے سے کینیڈی شہریوں اور تمام غیر ملکی شہریوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے دیگر ممالک اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیل کی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 800 سے تجاوز کرگئی جب کہ 24 ہزار زخمی ہوئے جن میں نصف تعداد بچوں اور خواتین کی ہیں۔