Published: 12-11-2023
پشاور: جسٹس (ر) ارشد حسین نے نگراں خیبر پختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی نے صوبائی نگراں وزیراعلیٰ سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں میئر پشاور حاجی زبیرعلی، سابق نگران صوبائی کابینہ کے اراکین،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری،آئی جی پولیس اخترحیات گنڈاپور، کمشنرپشاورسمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔گورنرحاجی غلام علی نے نگران وزیراعلیٰ جسٹس(ر)سید ارشد حسین شاہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ جسٹس (ر) ارشد حسین کی بطور نگراں وزیراعلی تقرری سے انتہائی اہم آئینی ضرورت پوری ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے نئے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے کے انتظامی امور کی بہتری اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت میں اپنا آئینی کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ محمودخان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان صوبے کے نئے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے وزیراعلی آفس میں مشاورت ہوئی تھی جس میں مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔محمودخان اوراکرم درانی کی ملاقات میں جسٹس(ر) ارشد حسین کے نام پر بطورنگران وزیراعلی اتفاق کیا گیا۔ اتفاق رائے کے نتیجے میں نگران وزیر اعلی کی سمری گورنر کو بھیجی گئی۔ گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی نے سمری پردستخط کیے تھے۔جسٹس(ر) ارشد حسین تحلیل شدہ کابینہ میں وزیرقانون تھے۔ نئی نگران کابینہ اعظم خان دورکے ارکان پرہی مشتمل ہوگی۔ سید ارشدحسین شاہ کی کابینہ میں پرانے وزرا کے علاوہ مشیراورمعاون خصوصی بھی وہی ہونگے۔واضح رہے کہ ریٹائرڈ جسٹس ارشد حسین گلگت بلتستان کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔