Published: 12-11-2023
تل ابیب: اسرائیل کے دارالحکومت میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور وزیراعظم نیتن یاہو کی خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر مسلسل بمباری اور اپنے یرغمالیوں کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال رہا نہ کروا پانے پر اسرائیلی وزیراعظم کو اپنے ہی ملک میں شدید مخالفت اور کڑی تنقید کا سامنا ہے۔اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کی سڑکیں اور گلیاں آج مظاہرین سے بھر گئیں۔ جنھوں نے وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں مخالف جماعتوں پر کریک ڈاؤن اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔مظاہرے سے خطاب کرنے والے مقررین نے غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمال 200 سے زائد اسرائیلی اور غیر ملکیوں کو بازیاب نہ کروا پانے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر سخت تنقید کی اور اس ناکامی پر فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین میں حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کے اہل خانہ اور ان کے دوست بھی شامل تھے جنھوں نے حکومت سے کسی بھی قیمت پر اپنے پیاروں کی محفوظ واپسی کا مطالبہ کیا۔