Published: 16-11-2023
اسلام آباد: نگراں حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے تک کی کمی کردی۔محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق آئندہ پندرہ روز کیلیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں دو روپے چار پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے ایک پیسہ جبکہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے پانچ پیسے کی کمی کی گئی ہے۔نئی قیمتیں کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 283.38 روپے سے کم ہوکر 281.34 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 303.18 روپے سے کم ہوکر 296.71 پیسے پر پہنچ جائے گی۔اسی طرح مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 211.03 روپے سے کم ہوکر 204.98 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 189.46 روپے سے کم ہوکر 180.45 روپے ہوگئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجتے ہی شروع ہوگیا جو آئندہ پندرہ روز یعنی 30 نومبر کی رات بارہ بجے تک نافذ العمل ہوگا۔