Published: 22-11-2023
(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)گجرات پولیس تھانہ ٹانڈہ نے اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات کو ٹریس کرلیا۔قاتل کوئی اور نہیں مقتول کے پاس ملازمت کرنے والا نوکر قاتل نکلا۔ سفاک ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار۔پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ ماہ تھانہ ٹانڈہ کے علاقہ میں آزاد کشمیر کے رہائشی پچاس سالہ خالد محمود کو گاڑی کے اندر نامعلوم ملزمان نے سر میں فائرمار کر قتل کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر سرکل اور ایس ایچ اوتھانہ ٹانڈہ پولیس نفری کے ہمراہ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور کرائم سین یونٹ کی ٹیموں کو موقع پر بلا کر شواہد اکٹھے کئے گئے۔ بعد ازاں مقتول کے بھائی اظہر اقبال کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ ڈی پی او گجرات نے قتل کی اس لرزہ خیز واردات کوٹریس کرنے اور قاتلوں کی گرفتار ی کے لئے ڈی ایس پی صدر سرکل عدنان ملک کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ٹانڈہ انسپکٹر فیاض احمد اور دیگر تجربہ کار افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی اور افسران کو ہدایت کی کہ اندھے قتل کی اس واردات کو ٹریس کرکے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔تفتیشی ٹیم نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔مشکوک افراد کی انٹیروگیشن کی گئی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کارلاتے ہوئے اندھے قتل کی اس واردات کو تین ہفتوں کے اندر ٹریس کرلیا۔ قاتل کوئی اور نہیں بلکہ مقتول کے پاس ملازمت کرنے والا نکلا۔ پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزم محمد عثمان کو خصوصی آپریشن کے ذریعے آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔دوران انٹیروگیشن سفاک ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقتول کے پاس پٹرول پمپ پر ملازمت کرتا تھا اور مقتول سے اڑھائی لاکھ روپے قرضہ بھی لے رکھا تھا، جس کی واپسی کے اسرار پر اس نے منصوبہ بندی کے تحت بذریعہ فائر اپنے مالک کو قتل کر دیا۔ ملزم کے قبضہ سے مقتول کا موبائل فون، پرس اور آلہ قتل پسٹل 30بور برآمد کر لیا گیا۔جبکہ ملزم سے مزید انٹیروگیشن جاری ہے۔