Published: 26-11-2023
دبئی (رپورٹ۔ سلیمان علی بٹ اینڈ غضنفر علی بیوروچیف یواکے ای سے)تحفے کی شکل میں دبئی کی سیر سے انکار شوہر کو بیوی نے مکا مار کر قتل کردیاسالگرہ کے موقع پر دبئی کی سیر کروانے سے انکار کرنے پر بیوی نے شوہر کی ناک پر مکا مار کر اسے قتل کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق 38 سالہ ریئل اسٹیٹ ڈیولپر نکھل کھنہ کی اہلیہ رینوکا نے اپنی سالگرہ پر دبئی کی سیر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سالگرہ پر دبئی کی سیر کو لے کر دونوں میاں بیوی میں تکرار ہوئی اور نوبت ہاتھاپائی تک پہنچ گئی۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ 36 سالہ رینوکا کی سالگرہ رواں برس 18 ستمبر کو تھی اور وہ اپنی سالگرہ متحدہ عرب مارات (یو اے ای) کے شہر دبئی میں منانا چاہتی تھی۔رپورٹ کے مطابق دونوں کی شادی کی سالگرہ 5 نومبر کو تھی، جبکہ اپنے ایک رشتہ دار کی سالگرہ کے موقع پر دہلی جانے کی اجازت نہ ملی جس نے دونوں میاں بیوی کے درمیان تکرار پر جلتی پر تیل کا کام کیا۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون نے مبینہ طور پر شوہر کی ناک پر مکا مارا جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ شوہر بیہوش ہوکر زمین پر گر پڑا اور اس کی ناک سے خون بہنے لگا۔ پڑوسیوں نے واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی، پولیس نے نکھل کھنہ کو فوری اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔