Published: 27-11-2023
اسٹاک ہوم: سویڈن میں انتہا پسند بدبختوں نے قرآن پاک کی بیحرمتی کے بعد اب مساجد کو گرانے کی دھمکیاں دی ہیں جس کی وزیراعظم الوف کرسٹرسن نے بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن ڈیموکریٹس (SD) کے رہنما جمی اکیسن نے اپنی جماعت کی سالانہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مساجد سے جمہوریت، سویڈن، یہودیت اور ہم جنس پرستی کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔سویڈن میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے رہنما نے حکومت سے کچھ مساجد کو ڈھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے کارکنان اور ہم خیالوں کو مساجد پر قبضہ کرکے اسے منہدم کرنے پر بھی اکسایا۔جس پر وزیراعظم نے مساجد پر قبضے اور انھیں گرانے کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعت کی جانب سے یہ مطالبہ ناقابل قبول ہے۔ سویڈن میں عبادت گاہوں کو مسمار نہیں کیا جاتا البتہ ہمیں پُر تشدد انتہا پسندی کے خلاف ضرور لڑنا چاہیے۔یاد رہے کہ سویڈن میں 2 انتہا پسند ملعونوں نے متعدد بار قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور اسے نذر آتش کیا جس پر مسلم ممالک نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سویڈن حکومت کو بھی کڑی کا تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔