Published: 28-11-2023
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں یونیورسٹی کے 7 مسلم طلبا کو ورلڈکپ فائنل میں بھارت کی شکست کا جشن منانے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی ایگریکلچرل یونی ورسٹی کے ایک بھارتی طالب علم نے 7 مسلم طلبا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا تھا کہ ان 7 مسلم طلبا نے ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر خوشی کا اظہار کیا تھا اور جشن منایا تھا جس کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے تھے۔بھارتی طالب علم نے مزید کہا تھا کہ ان طلبا کی اس حرکت سے یونی ورسٹی میں اشتعال پھیلا اور ہندو طلبا میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی جو کسی کشیدگی کا باعث بھی بن سکتی تھی۔دوسری جانب مسلم طلبا کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان طلبا کو صرف مسلمان اور کشمیری ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔