Published: 01-12-2023
(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی زمین پر تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سرکاری سکولوں میں الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،افسران کو کورٹ کیسز کی باقاعدہ پیروی کرنے کی ہدایات دیں۔ تمام سرکاری سکولوں میں کسی قسم کی غیر سرکاری سرگرمی کے لئے استعمال نہیں کیا جائیگا۔ اس ضمن میں سی ای او ایجوکیشن اور سکول ہیڈز تمام تر معاملات کے ذمہ دار ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ جاری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنرز حیدر عباس، زوہیب ممتاز، محمد اکمل، سی او ایجوکیشن ڈاکٹر شاہد اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کو فلفور یقینی بنایا جائے، پینے کا صاف پانی، واش رومز، فرنیچر، چاردیواری کو جلد از جلد مکمل کریں۔ سرکاری اسکولوں میں میوٹیشن کے کیسز پر اسسٹنٹ کمشنرز ایک ہفتہ کے اندر عملدرآمد کریں گے،ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ سکولوں میں الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، عدم دستیاب تمام بنیادی سہولیات فوری مہیا کیا جائیں۔