Published: 20-12-2023
لاہور: بیس بال کی عالمی رینکنگ میں پاکستان نے گیارہ درجے ترقی پالی۔ ورلڈ بیس بال اینڈ سوفٹ بال کنفیڈریشن نے نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستان 155 پوائنٹس کے ساٹھ 38 ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔حال ہی میں تائیوان میں ختم ہونے والی ایشین بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پانچویں نمبر پر رہا تھا، اس کارکردگی کی وجہ سے پاکستان واحد ٹیم ہے جس کو گیارہ درجے کا جمپ ملا ہے۔نئی رینکنگ میں جاپان کی سبقت برقرارہے، میکسیکو دوسرے، امریکا تیسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی کوریا کی چوتھی اور چائنزتائی پے کی پانچویں پوزیشن ہے۔ روایتی حریف بھارت کا اڑسٹھ واں نمبر ہے۔پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ نے عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بیس بال میں بہت ٹیلنٹ ہے۔انہوں نے کہا ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی جانب سے امان اور مشرف نے نمایاں کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ایک طویل عرصہ سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ہمیں بیس بال کا الگ سے گراونڈ مہیا کیا جائے۔