Published: 22-12-2023
آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اسرائیل کی غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر دہشتگردی کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی کو باضابطہ درخواست دیدی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل اپنا پیغام پہنچانے کیلئے اجازت طلب کی ہے۔پرتھ ٹیسٹ میچ کے دوران بھی عثمان خواجہ نے سیاہ پٹی باندھ کر میچ میں شرکت کی تھی اور احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔قبل ازیں پریکٹس سیشن کے دوران فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے والے جوتے پہن کر فلسطینیوں کے حق میں نعرہ درج کیا تھا تاہم کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی نے انکے اقدام پر پابندی عائد کردی تھی۔آئی سی سی نے قوانین کے قوائد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے عثمان خواجہ مبینہ سیاسی پیغام والے جوتے پہننے کی اجازت نہیں دی تھی جس پر کرکٹر نے سوشل میڈیا پر آئی سی سی کے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران محمد رضوان نے فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے اپنا ایوارڈ بچوں اور بزرگوں کے نام کیا تھا جس پر بھارت اور اسرائیل نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے کا دباؤ ڈالا تھا تاہم کرکٹر ثابت قدم رہے تھے۔