Published: 26-12-2023
کراچی: دوسری پی ایس اے میکڈونلڈز جونیئر اوپن اینڈ سیٹیلائٹ ویمنز اسکواش چیمپئن شپ کا اختتام ہوگیا۔پی ایس ایف جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس پی ایس بی کراچی سینٹر پر منعقدہ ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی چیمپئن شپ کاویمن ایونٹ سماعت سے محروم ثنا بہادر نے انعم مصطفٰی کو 1-3 سے شکست دے کر اپنے نام کر لیا۔بوائز انڈر15 ایونٹ کے فائنل میں حارث زاہد نے ثنا بہادر کے بھائی ریان بہادر نے 1-3 سے قابو کر کرلیا، بوائز انڈر13 ٹائیٹل فیضان علی نے محمد بن عاطف کو 1-3 سے مات دے کر جیت لیا، بوائز انڈر9 ایونٹ میں محمد عاصم نے محمد بن نسیم کو 1-3 سے زیر کرلیا۔فائنلز اور اختتامی تقریب میں میکڈونلڈز کے سی ای او امین لاکھانی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر سندھ کے نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ، جمیل مغل اور سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد و دیگر بھی موجود تھے۔مہمان خصوصی نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امین لاکھانی نے کہا کہ عالمی اسکواش میں پاکستان کے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے میکڈونلڈز اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ میکڈونلڈز دنیا بھر میں کرکٹ فٹبال اور اولمپک گیمز میں اسپانسر شپ کی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے، خواہش ہے کہ آئندہ مستقبل میں پاکستان میں ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے میں اپنا کردار ادا کریں۔سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد نے کہا کہ صوبے میں اس کو اسکواش کی ترقی کے اقدامات کےنتائج سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں، مستقبل قریب میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے۔جمیل مغل نے کہا کہ میکڈونلڈز کی جانب سے اسکواش کے فروغ میں کردار قابل تحسین ہے،نجی شعبے کے ساتھ حکومت سمیت تمام اسٹک ہولڈرز کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو اسکواش کے کھیل کو دوام بخشا جاسکتا ہے۔