بنگلہ دیش میں انتخابات، پولنگ بوتھ نذر آتش، ریل میں آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

Published: 07-01-2024

Cinque Terre

ڈھاکا: بنگلہ دیش میں عام انتخابات سے ایک روز قبل کئی پولنگ بوتھس نذر آتش کردیے گئے اور ریل میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق بنگلہ دیش میں عام انتخابات ہورہے ہیں جبکہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت نے بائیکاٹ کردیا ہے اور اس دوران دارالحکومت ڈھاکا جانے والی بیناپول ایکسپریس میں صبح 9 بجے آگ لگی، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے اور آگ مزید 4 کمپارٹمنٹس تک پھیل گئی۔وزیرخارجہ اے کے عبدالمومن نے کہا کہ انتخابات سے محض ایک روز قبل ہی اس طرح کا واقعہ پیش آنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ جان بوجھ کر انتخابات اور  ملک کے جمہوری عمل کے تحفظ اور سلامتی کو نقصان پہنچانا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعے کی منصوبہ بندی ان لوگوں نے کی جن کے غلط ارادے ہیں اور ہمارے جمہوری اقدار کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں لیکن حکام اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے۔حکام نے بتایا کہ ریل حادثے میں زخمی ہونے والے 8 افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے، ڈاکٹر سمانتھا لعل سین نے کہا کہ جھلس کر زخمی ہونے والے تمام افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور ہم نگرانی کر رہے ہیں۔دوسری جانب مرکزی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹنگ میں حصہ نہ لیں اور ملک بھر میں دو روزہ ہڑتال کا اعلان بھی کردیا ہے۔بنگلہ دیش کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت بی این پی کا گزشتہ 3 انتخابات میں یہ ان کا دوسری مرتبہ بائیکاٹ ہے اور وزیراعظم حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ پر الزام عائد کیا کہ وہ مسلسل چوتھی مرتبہ حکومت حاصل کرنے کے لیے دھاندلی زدہ ووٹنگ کو قانون شکل دینے کی کوشش کر رہی ہے۔خیال رہے کہ بی این پی نے مطالبہ کیا تھا کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے وزیرعظم حسینہ واجد مستعفی ہوں لیکن انھوں نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کیا تھا اور اب پیش آنے والے واقعات کے حوالےسے اپوزیشن پر حکومت مخالف پرتشدد احتجاج کرنے اور اکتوبر سے اب تک دارالحکومت ڈھاکا میں ہنگامہ آرائی کرنے کا الزام عائد کیا اور اس دوران 10 افراد مارے جاچکے ہیں۔اتوار کو ہونے والے انتخابات کے لیے 8 لاکھ سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں اور متعدد علاقوں میں مسلح افواج کے اہلکاروں کو بھی امن  برقرار رکھنے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے 5 پرائمری اسکولوں کو نذر آتش کیا، جس میں 4 پولنگ بوتھس بھی شامل ہیں، ڈھاکا کے مضافات میں غازی پور کے علاقے میں لگنے والی آگ کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی اور شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شرپسند عناصر نے رات گئے واردات کی تاکہ پولنگ کا عمل متاثر ہو۔