کابینہ نے عام انتخابات کیلیے فوج اور سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی منظوری دے دی

Published: 24-01-2024

Cinque Terre

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے عام انتخابات کے لیے فوج اور آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ، معاشی اور انتخابی صورت حال سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے الیکشن کے دوران سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ حساس علاقوں میں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر آرمڈ فورسز فرائض سرانجام دیں گی۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی اصلاحات کیلیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی، جس میں وزیر انفارمشن اینڈ ٹیکنالوجی اور نجکاری بطور ممبران شامل ہوں گے۔اس سے قبل وزارت داخلہ نے 8 فروری کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں فوج کی کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعیناتی کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی تھی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کے لیے خط لکھا تھا، جس میں 2 لاکھ 77 ہزار پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے اہل کاروں کی خدمات طلب کی گئیں تھیں۔