Published: 07-02-2024
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نیا آئینی چیئرمین مل گیا، محسن نقوی بلامقابلہ پی سی بی کے سربراہ منتخب ہوگئے۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے 10 ارکان نے محسن نقوی پر اگلے 3 سال کیلئے اعتماد کا اظہار کردیا۔آئین 2014 کے تحت بننے والے بورڈ آف گورنرز کیلئے پیٹرن پی سی بی نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی طرف سے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے کی نامزدگی ہوئی تھی۔دوسرے ارکان میں 4 ریجنز آزاد جموں کمشیر، لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی اور بہاولپور شامل ہیں۔ 4 محکموں پی ٹی وی، اسٹیٹ بنک، سوئی گیس اور غنی گلاس کے نمائندے بھی اس بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہیں۔سیکرٹری وزات بین الصوبائی رابطہ بھی اس بورڈ آف گورنرز میں ہیں تاہم ان کوووٹ دینے کا حق نہیں دیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر شاہ خاور نے محسن نقوی کی کامیابی کا اعلان کیا، رمیز راجہ کی رخصتی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات نجم سیٹھی اور ذکا اشرف کی سربراہی میں قائم مینجمنٹ کمیٹیوں نے چلائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد محسن نقوی کو پاکستان سپر لیگ اور قومی ٹیم کی بہتری کیلئے کئی اہم فیصلوں کا چینلج درپیش ہوگا۔