Published: 10-02-2024
قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سے متعلق وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اہم خلاصہ کردیا۔کرک بز کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سے سوال کیا گیا کہ محمد حفیظ نے آپ کو کرکٹ کے ابتدائی دنوں میں دیکھا تھا اور اب وہ دوبارہ قومی ٹیم مینجمنٹ میں ہیں؟ کیا کوئی فرق پڑتا ہے۔اس سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ ’’میں حفیظ بھائی کو اپنے ڈپارٹمنٹ کے دنوں سے جانتا ہوں اور مجھے یاد ہے کہ اس دوران میرے پیچھے حفیظ بھائی نے انتظامیہ کو کہا تھا کہ یہ کھلاڑی بینچ پر نہیں بیٹھے گا‘‘۔’’اس دوران ہمارے پاس ٹیسٹ کھلاڑی عدنان اکمل تھےتاہم حفیظ بھائی نے کہا کہ اگر میں بطور کیپر نہیں کھیل رہا تو اس صورت میں مجھے بلے باز کے طور پر کھلایا جائے لیکن مجھے بینچ پر نہیں بٹھایا جانا چاہیے اور میں اس وقت کی بات کر رہا ہوں جب میں پہلی بار ٹیم میں آیا تھا اور حفیظ نے مجھ میں کچھ دیکھا تھا۔‘‘’’میں نے حفیظ سے بہت کچھ سیکھا اور اس میں میرا طرز زندگی بھی شامل ہے اور میں آپ کو صرف اتنا بتا سکتا ہوں کہ یہ ضروری ہے کہ کوئی آپ کو سمجھے۔‘‘انہوں نے کہا کہ اس صورت میں اگر کوئی آپ کو 10 سے 20 سال سے دیکھ رہا ہے تو وہ دیکھ سکتا ہے کہ جو کمی ہے اسے کیسے پورا کیا جاسکتا ہے، بعض اوقات تکنیک میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن مسئلہ ذہن میں ہوتا ہے اور کوچ اسے سمجھتا ہے۔