Published: 18-02-2024
تہران: ایران میں 30 سالہ شخص نے کلاشنکوف کا برسٹ چلا کر اپنے خاندان کے 12 رشتہ داروں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایران کے صوبے کرمان کے دیہی علاقے میں پیش آیا۔ جنونی شخص نے نہایت قریب سے گولیاں ماری تھیں جس کے باعث تمام افراد موقع پر ہلاک ہوگئے تھے۔ایران کے وزارت انصاف کے سربراہ ابراہیم حمیدی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم نے گرفتاری دینے کے بجائے سیکیورٹی فورسز پر بھی فائرنگ کی تاہم جوابی فائرنگ میں ملزم خود مارا گیا۔ایرانی پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ قتل ہونے والوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اس ہولناک واردات کے محرک کا اب تک پتا نہ چل سکا تاہم کہا جا رہا ہے کہ ملزم نے خاندانی تنازع کے باعث ایسا کیا۔دوسری جانب عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کے اپنے باپ اور بھائیوں سے تنازع تھا تاہم اندازہ نہیں تھا کہ وہ یہ انتہائی قدم بھی اُٹھا سکتا ہے۔