Published: 18-02-2024
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی ملکی صورتحال پر لب کشائی کردی۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ عام آدمی ہر روز کی ایک نئی کہانی سے تنگ آگیا ہے، اُس کا مسئلہ مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازوں سے ہاتھ جوڑ کر التماس ہے آپس میں مل بیٹھ کر مُلک کو اس ہیجانی کیفیت سے نکالیں۔سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پہلے ہی بہت تماشہ بن گیا ہے اور اب یہ وطن مزید صدمے برداشت نہیں کرسکتا۔انہوں نے اپیل کی کہ خدارا اپنی آنے والی نسلوں اور اپنے ملک کیلئے سب ایک ہوجاؤ۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد ملک میں حکومت سازی کیلئے مختلف سیاسی جماعتیں اتحاد کے ذریعے حکومت بنانے کی کوشش کررہیں جبکہ کسی بھی جماعت کے پاس سادہ اکثریت موجود نہیں ہے۔انتخابات 2024 میں پہلی بار سب سے زیادہ عمران خان کے حمایتی یافتہ آزاد امیدوار میدان مارنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔