تھانہ کنجاہ: خاتون کے اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات‘ انتہائی قلیل عرصہ میں ملزم گرفتار

Published: 18-02-2024

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)گجرات پولیس تھانہ کنجاہ نے خاتون کے اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات ٹریس کرلی۔پولیس نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے قاتل کو انتہائی قلیل عرصہ میں گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ایک ماہ قبل تھانہ کنجاہ کے علاقہ شادیوال کی رہائشی نرگس نامی خاتون کو گھر کے اندر گلہ کاٹ کر انتہائی بے دردی سے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے واقع کی اطلاع ملتے ہی نعش قبضہ میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر نے اس اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات کو ٹریس کرنے اور سفاک قاتلوں کی جلد گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی صدرسرکل عدنان احمد ملک کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ کنجاہ SI محمد انوراور انچارج چوکی شادیوال کو خصوصی ٹاسک دیا۔ جنہوں نے اس اندھے قتل کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔ تفتیشی پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی محنت اور جانفشانی سے اندھے قتل کی واردات کو ٹریس کرکے سفاک قاتل بلاول نعیم ولد محمد نعیم سکنہ شادیوال کو گرفتار کرلیا۔ جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ وہ مقتولہ کا ہمسایہ ہے اور چوری کی نیت سے برقعہ پہن کر اس کے گھر میں داخل ہوا۔جسے مقتولہ نے پہچان لیا۔ جس پر ملزم نے مقتولہ کے سر پر ہتھوڑی سے وار کیا جس سے وہ بے ہوش ہو کر گر پڑی۔ بعد ازاں ملزم نے تیز دھار چھری سے اس کا گلہ کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل ہتھوڑی،چھری،چوری شدہ موبائل اور رقم برآمد کرلی ہے۔ جبکہ مزید تفتیش مقدمہ جاری ہے۔ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کا کہناہے کہ قاتل کتنے ہی چالاک کیوں نہ ہوں وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ ایسے سفاک قاتلوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ اور مقتول کے لئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔