بھارتی ریاست تامل ناڈو میں کاٹن کینڈی پر پابندی عائد

Published: 22-02-2024

Cinque Terre

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں کاٹن کینڈی کو کینسر کا باعث قرار دے کر پابندی عائد کردی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو نے کاٹن کینڈی کو کینسر کا سبب قرار دے کر اسکی فروخت پر پابندی عائد کردی۔ تامل ناڈو کے اس اقدام کے بعد بھارت کی دیگر ریاستوں نے بھی کاٹن کینڈی کے ٹیسٹ شروع کر دیے ہیں۔لیبارٹری ٹیسٹ میں کاٹن کینڈی میں کینسر پیدا کرنے والے مرکب روڈا مین بی کی تصدیق ہوئی۔ یہ کیمیکل کاٹن کینڈی کو گلابی رنگ دیتا ہے جسے ٹیکسٹائل، کاسمیٹکس اور سیاہی کو رنگنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کیمیکل کینسر کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ یورپ اور کیلیفورنیا نے اس کا فوڈ ڈائی کے طور پراستعمال غیر قانونی قرار دے رکھا ہے۔ریاستی وزیر صحت ایم سبرامنیم نے فوڈ سیفٹی افسران کو اس ضمن میں ضروری اقدامات اور سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کھانے کی پیکنگ، درآمد، فروخت یا شادیوں اور دیگر عوامی تقریبات میں پیش کئے جانے والے کھانوں میں روڈا مائن بی کا استعمال قابل سزا عمل ہوگا۔واضح رہے کہ کاٹن کینڈی اپنے دلکش گلابی رنگ اور ذائقے کی وجہ سے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کے بچوں میں مقبول ہے۔ تفریحی مقامات اور اسکولوں کے باہر اکثر اس کی فروخت ہوتی ہے جہاں بچے اسے شوق سے کھاتے ہیں۔