Published: 22-02-2024
لاہور قلندرز کے اسکواڈ کا حصہ رہنے والے سابق کرکٹر اظہر علی نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی پر لب کشائی کردی۔مقامی اسپورٹس چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ لیگ اسپنر راشد خان کی عدم موجودگی اور شاہین آفریدی کی ناقص کپتانی کی وجہ سے لاہور قلندرز کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ افغان اسپنر راشد خان کی عدم موجودگی کے باعث لاہور قلندرز کی بالنگ اور شاہین آفریدی کی کپتانی بےنقاب ہوچکی ہے کیونکہ مڈل اوورز میں انہیں رنز روکنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں جو افغان اسپنر کی خوبی تھی۔اظہر علی نے کہا کہ سلطانز کیخلاف میچ کے دوران بالرز نے نئے آنے والے بلےباز افتخار احمد کو ٹانگوں پر گیندیں کروائیں جبکہ فائن لیگ کا فیلڈر اوپر تھا اور رنز لیک کیے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بولر اور کپتان کے درمیان کوئی ہم آہنگی نہیں تھی۔گزشتہ روز ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دیکر ایونٹ مسلسل تیسری فتح سمیٹی تھی جبکہ دفاعی چیمپئین اب تک ایونٹ میں ایک بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام ہے۔