Published: 25-02-2024
غزہ: اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے بڑے شہررفح میں ایک رہائشی عمارت پر فضائی کارروائی کرکے 7 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی خبرایجنسی وفا نے بتایا کہ اسرائیل نے فضائی کارروائی میں شاہین خاندان سے تعلق رکھنے والی رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جہاں ابوحمرا اور ابو سلطان سے بے گھر ہونے والے افراد مقیم تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ فضائی کارروائی ایک مارکیٹ جانے والی مصروف سڑک پر کی گئی، جس کے نتیجے میں عمارات اور گاڑیوں کو بدترین نقصان پہنچا، الجزیرہ نے نامہ نگاروں نے بتایا کہ سڑک پر جاں بحق ہونے والوں میں شامل خواتین، بچوں اور بزرگوں کی لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔ایک شہری نے بتایا کہ میری ماں اور باپ خان یونس سے یہاں آئے تھے، میں انہیں اپنے گھر میں پناہ دینے کے لیے لے کر آیا تھا، وہ خان یونس میں بچ کر آئے اور میرے ہاتھوں میں دم توڑ دیا، ان کے بعد میں کیسے زندہ رہوں گا۔اسرائیلی فوجیوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ مجھے بھی مار دیں تاکہ میں ان کے ساتھ مل جاؤں، اسی طرح ایک اور شہری نے بتایا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ الاعدا ہسپتال جا رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا۔انہوں نے بتایا کہ میں ہوا میں اڑ گیا اور اپنے ارد گرد سب کو اڑتے ہوئے دیکھا اور متعدد افراد کو زخمی ہوتے ہوئے دیکھا اور اس کے بعد جب میری آنکھ کھلی تو خود کو ہسپتال میں پایا۔زخمی فلسطینی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے میزائل رہائشی عمارت میں داغا تھا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے اور سیکڑوں افراد کھانے کے حصول کے لیے سڑک پر آئے ہوئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کے پاس کوئی رحم نہیں ہے، وہ نہ تو نوجوانوں اور نہ ہی خواتین یا بچوں کے ساتھ رحم کرتے ہیں، اسرائیلی کسی قانون یا انسانی حقوق کا احترام نہیں کرتے ہیں۔شہری کا کہنا تھا کہ اسرائیلی انسانیت بھول چکے ہیں اور بے گھر ہونے والے معصوم افراد کو نشانہ بناتے ہیں، روزانہ خواتین اور بچوں کو مارتے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں شہریوں پر 8 خون ریز کارروائیاں کی ہیں، جس کے نتیجے میں 92 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔وزارت نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسز اور عملے کو ملبے تلے دبے ہوئے اور سڑک پر پڑے ہوئے متاثرین تک پہنچنے سے روکا۔خیال رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں کے بعد شروع کی گئی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران اب تک 29 ہزار 600 فلسطینیوں کو شہید اور 70 ہزار سے زائد کو زخمی کردیا ہے اور اس کے علاوہ غزہ کی پٹی کو تباہ کردیا ہے۔حماس کے حملوں میں 1200 اسرائیلیوں کی ہلاکت رپورٹ کی گئی تھیں لیکن اسرائیل نے اس کی آڑ میں غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ شروع کیا اور بے گناہ شہریوں کو بجلی، پانی اور بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کردیا۔