متحدہ عرب امارات میں پرفیومز کے ڈپو میں آتشزدگی؛ 9 پاکستانی زخمی

Published: 25-02-2024

Cinque Terre

دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں سینی ٹائزر اور پرفیوم کے ڈپو میں آتشزدگی میں 9 پاکستانی زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق عجمان میں سینی ٹائزر او رپرفیوم کے ڈپو میں لگنے والی آگ میں جھلسنے والے 9 ملازمین کو خلیفہ بن زید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے 2 کی حالت تشویشناک ہونے پر ابوظہبی کے اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمی ہونے والے تمام افراد پاکستانی تھے جن کی شناخت گلداد ولد شاہ نواز ڈھری ، نواب ولد شاہ نواز، امام بخش ولد خدا بخش سولنگی، محمد اکرم ولد داؤد خان، شاہد ولد ممتاز، ظہور ولد محمد حیات، سکندر ولد عبدالرحیم،  اکبر ولد خمیسہ خان اور اعجاز کے نام سے ہوئی ہے۔زخمی ہونے والے تمام افراد سندھ کے ضلع بے نظیر آباد اور ڈیرہ غازی خان کے رہائشی تھے۔پاکستان قونصلیٹ جنرل دبئی کے ویلفیئر ونگ نے واقعے کے فوری بعد اسپتال کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔یو اے ای میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے لیے نیک خواہشات اور جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔انہوں نے اس سانحہ کے زخمی پاکستانیوں کو ہر ممکن تعاون کی یقینی دہانی بھی کرائی ہے۔