Published: 28-02-2024
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی۔آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری کی گئی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بولرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کا قبضہ ہے۔بلے بازوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 818 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور انگلینڈ کے جو روٹ رانچی میں اپنی 31 ویں ٹیسٹ سنچری کی بدولت دو درجہ ترقی پاکر 799 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 780 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاکستانی بلے باز بابر اعظم ایک درجہ تنزلی سے 768 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔بولرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کا کوئی بھی بولر ٹاپ ٹین میں شامل نہیں تاہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی کے ساتھ 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔بھارت کے جسپریت بمراہ پہلے، روی چندرن ایشون دوسرے اور جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا تیسرے نمبر پر ہیں۔ٹیسٹ آل راونڈرز کی رینکنگ میں بھی کوئی پاکستانی کرکٹر ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بناسکا۔ آل راونڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جڈیجا پہلے روی چندرن ایشون دوسرے اور بنگلا دیش کے شکیب الحسن تیسرے نمبر پر ہیں۔